وہ عام عادت جس کے باعث جوان افراد میں امراض قلب کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے

 

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

موجودہ عہد میں جوان افراد میں امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اب ایک نئی طبی تحقیق میں اس کی اہم وجہ کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانیہ کی Exeter یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے بلوغت میں بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں دوتہائی حد تک اضافہ ہوتا ہے۔

کولیسٹرول کی سطح میں اضافے سے امراض قلب اور موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق میں ایسے 792 افراد کے طبی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جو 1990 کی دہائی میں برسٹل یونیورسٹی کی ایک تحقیق کا حصہ بنے تھے۔

اس وقت ان افراد کی عمر 11 سال تھی اور ان کی صحت کا جائزہ 24 سال کی عمر تک لیا گیا۔

ads

تحقیق کے دوران 11 سے 24 سال کی عمر تک ان افراد کی ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں، معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں اور بیٹھنے کے وقت کا جائزہ لیا گیا۔

اس عرصے میں ان کے بلڈ کولیسٹرول اور خون میں چکنائی کی سطح کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ بچپن میں اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد کے بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں 20 سے 30 سال کی عمر کے درمیان دوتہائی حد تک اضافہ ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس عمر میں بلڈ کولیسٹرول اور خون میں چکنائی میں اضافے سے 40 سے 50 سال کے درمیان امراض قلب سے متاثر ہونے اور موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ads

محققین نے بتایا کہ تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ بچپن سے ہی جسمانی سرگرمیوں کو حصہ بنانا صحت کے لیے کتنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بچے ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں جیسے چہل قدمی، گھریلو کام یا کھیل کود کو زندگی کا حصہ بنائیں تو درمیانی عمر میں امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

نہوں نے مزید کہا کہ بچپن میں ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں درمیان عمر میں امراض قلب سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے سخت جسمانی سرگرمیوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹھنے کا زیادہ وقت جسمانی چربی میں 7 سے 10 فیصد تک اضافہ کرتا ہے جبکہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں سے جسمانی چربی کی مقدار میں 10 سے 15 فیصد کمی آتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف کلینیکل Endocrinology اینڈ میٹابولزم میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل اگست 2023 میں بھی ایک تحقیق میں بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کو جوان افراد میں امراض قلب کی شرح میں اضافے کی اہم وجہ قرار دیا گیا تھا۔

اس تحقیق کے مطابق جو افراد بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، ان میں جوانی یا درمیانی عمر میں امراض قلب، ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کا حجم بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق دل کا حجم بڑھنے کے باعث دل کو اپنے افعال کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے جس سے اس پر تناؤ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ 11 سال کی عمر میں جو لڑکیاں دن بھر میں 6 گھنٹے بیٹھ کر گزارتی ہیں، وہ 15 سال کی عمر میں 8 گھنٹے بیٹھ کر گزارنے لگتی ہیں جبکہ 24 سال کی عمر تک یہ وقت لگ بھگ 9 گھنٹے تک پہنچ جاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کے بائیں حصے کے حجم میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

دل کے اس حصے کے حجم میں اضافہ درمیانی عمر میں ہارٹ اٹیک یا امراض قلب کی سنگین پیچیدگیوں کا ٹھوس عندیہ دیتا ہے۔

اس تحقیق میں صرف لڑکیوں کو شامل کیا گیا تھا تو محققین کی جانب سے اب لڑکوں پر بھی تحقیق کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

Geo News Live

Ary News Live

ٹیلی تھون کے فنڈز کا غلط استعمال، عمران خان کیخلاف کرپشن کا ایک اور کیس تیار